تل ابیب(آئی این پی)اسرائیل میں دو بم دھماکوں میں ایک طالب علم ہلاک اور 22 افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق دھماکے یروشلم کے دو داخلی راستوں پر واقع بس سٹاپس پر 25 منٹ کے وقفے سے ہوئے۔
اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پہلا دھماکہ صبح 7 بج کر 6 منٹ پرگیوت شائول کے علاقے میں ہوا، جس میں 18 لوگ زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو یروشلم کے دو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ایک 16 سالہ طالب علم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،دوسرا دھماکہ ساڑھے 7 بجے کے قریب شہر کے دوسرے داخلی راستے پر راموت جنکشن پر ہوا جس میں 5 لوگ زخمی ہوئے۔ دھماکے میں سٹاپ پر موجود ایک بس کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق دھماکے ممکنہ طور پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے گئے،اسرائیلی پولیس کی طرف سے شہر بھر کے بس سٹاپس کی سکیننگ کی جا رہی ہے اور شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ بس سٹاپس پر لاوارث بیگز اور دیگر اشیا کے متعلق محتاط رہیں۔ تاحال کسی گروپ یا تنظیم کی طرف سے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔