اسلام آباد ( آن لائن)وقاقی حکومت نے صدر عارف علوی کے سمری روکنے کی صورت میں بڑا فیصلہ کرلیا،وفاقی کابینہ نے نامزد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ منجمد کردی۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دیدی جس کے تحت ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ گزار کر صدر نے سمری واپس کی تو وہ غیر موثر ہوگی،حکومتی اقدام سے صدرمملکت عارف علوی 25دن تک سمری روکے بھی رکھیں گے تو بعد میں بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہی ہونگے۔ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت صدر سمری 25 دن تک روک سکتا ہے اس دوران سمری وہ واپس بھیج سکتا ہے ،دوبارہ بھیجنے کی بات کر سکتا ہے ،اپنی تجویز دے سکتا ہے لیکن وزیر اعظم صدر کی سفارشات اور تجاویز ماننے کا پابند نہیں اور 25 دن کے بعد سمری از خود منظور تصور ہوگی اور تعیناتی ہو جائے گی جس کا پھر متعلقہ وزارت یا کیبنٹ ڈویژن نوٹیفکیشن جاری کرے گی ۔وفاقی کابینہ نے رولز اور بزنس میں ترمیم بھی اسی وجہ سے کی ہے تا کہ صدر اگر سمری روکتے ہیں تو ان کا یہ حکم آرمی چیف کی مدت ملازمت پر اثر انداز نہ ہو ۔