اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے ساتھ معزز لکھنے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ملزم نے اعتراض اٹھایا دیا۔
شہری اور وکیل کی تکرار کے بعد عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ جو بیان یہ ملزم کہتا ہے لکھ دیں۔روزنامہ جنگ میں بلال عاسی کی خبر کے مطابق بنک گارنٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وکلاء کی جانب سے جرح کی جارہی تھی کہ شہری نے کہا میرے جواب میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے نام کے ساتھ معزز نہ لکھیں، جس پر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ملزم کے اس رویے کو نوٹ کرے، عدالت نے ملزم سے کہاکہ یہ کرپشن کا کیس نہیں آپ کا الگ کیس ہے،وہ نہ تو اس کیس میں ملزم ہیں نہ ہی کٹہرے میں ہیں ، جس پر شہری نے کہاکہ میں نے کرپشن کی وجہ سے کہا ثاقب نثار کے نام کے ساتھ معزز نہ لکھیں،کرپشن کی وجہ سے میں کہتا ہوں اس کے نام کے ساتھ معزز کا لفظ نہ لکھا جائے ،اس موقع پر وکیل نے معزز لکھنے پر اصرار کرتے ہوئے کہاکہ چیف جسٹس کے نام کے ساتھ معزز چیف جسٹس لکھا جاتا ہے۔