لاہور(این این آئی)اسٹیج کے نامور اداکار طارق ٹیڈی انتقال کر گئے ۔ طارق ٹیڈی جگر کے عارضے کے باعث پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج تھے ۔شوبز شخصیات نے طارق ٹیڈی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے کامیڈی کی دنیا ایک بڑا فنکار کھو دیا ۔
تفصیلات کے مطابق طارق ٹیڈی کو گزشتہ دنوں ایک اسٹیج ڈرامے کے دوران طبیعت خراب ہونے پر نجی ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ کچھ روز زیر علاج رہے جس کے بعد انہیں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا تھا ۔ ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طارق ٹیڈی کا جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور ان کے گردے بھی متاثر ہوئے تھے اور وہ گزشتہ روز اپنے لاکھوں پرستاروں کو چھوڑ کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی جانب سے طارق ٹیڈی کا سرکاری سطح پر مفت علاج معالجہ کرایا جارہا تھا جبکہ ان کے اہل خانہ کے لئے پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک بھی بھجوایا گیا تھا ۔ اداکار افتخار ٹھاکر،سہیل احمد ،نسیم وکی، عرفان کھوسٹ ، خالد عباس ڈار ،سلیم البیلا، سخاوت ناز،آصف اقبال،قیصر پیا، اکرم اداس، چاند برال، طاہر نوشاد، شکیل صدیقی ، شہزاد رضا،پرویز صدیقی، روبی انعم، زیبا شہناز، سلومی ،ماہ نور، ہما علی ، مہک نور،آفرین پری،قیصر جاوید، قیصر ثنا اللہ، ڈاکٹر اجمل ملک سمیت دیگر نے طارق ٹیڈی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ۔ ان شخصیات نے کہا کہ طارق ٹیڈی کی تھیٹر کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ طارق ٹیڈی کامیڈ ی کی دنیا کے بڑے فنکار تھے اور ان کی برجستہ جملے بازی ان کی وجہ شہرت تھی ۔