واشنگٹن(این این آئی)امریکی شہری نے پاکستان سمیت دیگر 4ممالک کو 19نوادرات واپس کر دیے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جان گوم پرٹس نے خبر پڑھنے کے بعد چوری شدہ نوادرات واپس کرنے کا فیصلہ کیا، انہیں 80ہزار پائونڈ کی یہ چیزیں ورثے میں اپنی دادی سے ملی تھیں اور ان کا ذریعہ غیر قانونی کھدائی ہو سکتی ہے کیونکہ ان کو حاصل کرنے کی کوئی تاریخ موجود نہیں ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وہ پاکستان، اٹلی، یونان اور قبرص کو نوادرات واپس کرکے چیزوں کو قانونی اور اخلاقی طور پر ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے اپنے بہن، بھائیوں کی رضامندی کے بعد یہ چیزیں واپس کر دیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک فن پارے کا تعلق پاکستان، 2کا قبرص، 4کا اٹلی اور 12کا یونان سے ہے۔رپورٹ کے مطا بق انہوں نے کہا کہ یہ کرنا ٹھیک لگتا ہے، میں نے اس حوالے سے اسٹوری پڑھی تھی، ہمارے پاس 2500سال پرانے نوادرات ہیں، ہمیں دیکھنا چاہیے کہ کیا ہم یہ واپس کر سکتے ہیں یا نہیں۔تاہم رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہیں نوادرات واپس کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے کوئی اندازہ نہیں تھا، انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر کرسٹوس تسیروگانیز سے رابطہ کیا جو آثار قدیمہ کے ماہر ہیں۔رپورٹ کے مطابق پروفیسر کرسٹوس تسیروگانیز نے کہا کہ انہوں نے مجھ سے رابطہ کرکے مشورہ طلب کیا، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پروفیسر نے جان گوم پرٹس کو مشورہ دیا کہ متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں سے رابطہ کرکے ان چیزوں کو ان کے حوالے کر دیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان ممالک نے تعریف کا اظہار کیا اور جان گوم پرٹس اور پروفیسر کرسٹوس تسیروگانیز کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں امریکی حکومت نے گزشتہ مہینے 46 نوادرات پاکستان کو واپس کر دیے تھے، جس میں بدھ مت سے تعلق رکھنے والا فن پارہ بھی شامل تھا، جس کی قیمت 11 لاکھ ڈالر ہے، جسے اسلام آباد میوزیم میں رکھ دیا گیا ہے۔1980 کی دہائی میں پاکستان کے گندھارا علاقے میں ایک نامعلوم آثار قدیمہ کے مقام سے بدھا (بدھ پادھا)کے کشان دور کے قدموں کے نشانات چوری کرکے امریکا اسمگل کیے گئے تھے۔