لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی )سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لندن میں اپنا قیام بڑھا دیا ، اگلے ماہ دسمبر میں لندن سے لاہور واپسی کا امکان ہے ۔نجی ٹی وی ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ
مریم نواز نے لندن قیام کے دوران گلے کا آپریشن بھی کروایا ہے ۔ انہوں نے پاکستان واپسی کیلئے6نومبر کا ٹکٹ بک کروایا تھا لیکن اب انہوں نے لندن میں قیام کو بڑھانے کا فیصلہ کیاہے جس کے بعد وہ ممکنہ طور پراگلے ماہ دسمبر میں وطن واپس لوٹیں گی ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو سیاسی دہشت گرد قرار دے دیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کا وقت ختم ہوچکا، اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سے مذاکرات ہونے بھی نہیں چاہئیں، وہ پاکستان کی سیاست میں اسٹیک ہولڈر نہیں ہیں۔ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ مذاکرات صرف اسی بات پر ہونے چاہئیں کہ عمران خان کو اس قسم کے شر کو پھیلانے کی اجازت نہیں۔انہوںنے کہاکہ خونی انقلاب کی باتیں کرنے والے کا جمہوریت سے کیا تعلق؟ اسلام آباد جا کر یہ 124 کے بجائے 224 دن بیٹھے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ کسی کو اس کی پروا نہیں کرنی چاہیے، اس کی قسمت میں صرف رونا دھونا ہے۔