اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں۔پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیرآباد واقعہ کے بعد پی ٹی آئی کی مہم جوئی کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال کو
عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے فتنہ اور انتشار کو عوام کی حمایت حاصل نہیں۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام رواداری، عزت اور احترام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پولیس تحفظ اور صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں، یہ اقدام قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ عوام کو مشکلات میں ڈال کر نکال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، سڑکیں بند ہونے سے عوام انتہائی مشکل میں ہیں، اپنی منزلوں پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مریض اسپتالوں کا رخ نہیں کر سکتے، پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے سڑکیں بند کی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کی خاموشی اور اس غیرقانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے، پنجاب اور خیبرپختونخواکی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ صوبائی حکومتیں عوام کوتکلیف پہنچانے اور شاہراہیں بند کرنے کا عمل فوری روکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیں۔