واشنگٹن(این این آئی)امریکی سپیکر نینسی پلوسی کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر ان کے شوہر مسٹر پیلوسی پر پر تشدد حملہ کیا گیا ہے۔ پیلوسی کو اس حملے کے بعد ہسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس واقعے کے بارے میں جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے مسٹر پیلوسی اور نینسی پیلوسی فرانسسکو میں رہتے ہیں۔ ان کے اسی گھر پر زبردستی حملہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم اس کے حملہ کرنے کی وجہ کے بارے میں اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر پیلوسی کو ہسپتال لے جایا گیا ہے جہاں انہیں علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور توقع ہے کہ وہ جلد مکمل ٹھیک ہو جائیں گے۔ایوان کی سپیکر نینسی پیلوسی امریکی دستور کے مطابق امریکی صدر کے بعد دوسرے اہم ترین عہدے پر فائز ہیں۔ اس حملے کے وقت وہ واشنگٹن میں تھیں۔پولیس کے مطابق اس حملے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ نہ ہی یہ معلوم ہو سکا ہے کہ حملہ آور گھر میں کیسے داخل ہوا۔ تاہم ابھی سان فراسسکو پولیس کے ترجمان یا نینسی پیلوسی کے ترجمان نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔امریکی کانگریس کی حفاظت کے لیے مامور پولیس کے مطابق یہ پولیس ایف بی آئی اور سان فراسسکو کی پولیس کے ساتھ ملک کر اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
واضح رہے یہ حملہ آٹھ نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے محض دو ہفتے پہلے کیا گیا ہے۔ جس کے ذریعے دونوں جماعتیں کانگریس کے دونوں ایوانوں پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش میں ہیں۔ری پبلکن پارٹی ملک میں تشدد کے واقعات اور افراط زر کے بڑھ جانے کے بارے میں اپنی تشویش ظاہر کرتی ہے اور اس بارے میں مہم بھی چلارہی ہے۔
ری پبلکن پارٹی کے لوگ نینسی پیلوسی کو بھی اکثر تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔پیلوسی ڈیموکریٹ رہنما ہونے کے علاوہ امریکہ کے زیادہ لبرل آبادی کے شہر کی نمائندہ ہیں۔ ان کے دفتر کو صدر ٹرمپ کے حامیوں نے چھ جنوری 2021 میں نشانہ بنایا گیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔علاوہ ازیں پیلوسی کے گھر کے باہر وال چاکنگ کی تھی اور ایک سور کا کٹا ہوا سر ان کے گیرج کے باہر پھینک دیا گیا تھا۔
سیاسی اعتبار سے انتہائی کشیدگی کے اس ماحول میں ڈیمو کریٹ اور ری پبلکن ارکان کانگریس کو قتل کی دھمکیاں بھی ملتی رہتی ہیں۔2017 میں ٹرمپ پر ایک حملے کے دوارن کانگریس کے پانچ ری پبلکن ارکان زخمی ہو گئے تھے۔ جبکہ 2011 میں ایک ڈیموکریٹک رکن کو سر میں چوٹ آئی تھی۔82 سالہ پال پیلوسی جو سان فرانسسکو میں پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں جیل کی سزا ہوئی تھی۔ یہ ماہ مئی کا واقعہ ہے جب ان کے ہاتھوں ایک حادثہ ہو گیا تھا۔