کراچی (این این آئی)سندھ حکومت کا گنے کی قیمت مقرر کرنے اور کریشنگ شروع کرنے سے متعلق شگر کین بورڈ کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا،جسکی صدارت مشیر زراعت منظوروسان نے کی۔اجلاس میں سیکریٹری زراعت اعجاز مہیسر،
ڈی جی زراعت نور محمد بلوچ، سندھ آبادگار بورڈ،سندھ چیمبر آف ایگریکلچر اور پاسما سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔اس موقعی پر مشیر زراعت منظور وسان نے کہا کہ گنے کی قیمت اور کریشنگ شروع کرنے سے متعلق آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے، گزشتہ سال بھی گنے کی قیمت اچھی مقررکی تھی، سندھ سرکار نے ہمیشہ کی طرح کسانوں کو سپورٹ کی ہے،قانون کے مطابق سندھ میں 30 نومبر تک کریشنگ شروع ہوتی ہے،کوشش ہے کہ جلد از جلد سندھ میں شگر ملیں چلائی جائیں گیں۔اجلاس میں سندھ کے کاشتکار رہنمائوں نے کہا کہ سیلاب سے سندھ کے کاشتکاروں کا بڑا نقصان ہوا ہے،گنے کی فی من 320 روپے سے 330 روپے تک گنے کی سرکاری قیمت مقرر کی جائے۔شگرملز مالکان نے کہا کہ ملک میں چینی کا بڑا اسٹاک موجود ہے،وفاق ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے،سندھ حکومت وفاق سے چینی ایکسپورٹ کرنے کے متلعق بات کرے۔