اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر سینئر صحافی ارشد شریف کی ناگہانی موت پر سیاست کرنے کا الزام لگادیا۔عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ عمران خان سینئر صحافی ارشد شریف کی ناگہانی موت پر سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹا اور چور ثابت ہونے والا شخص قانون کی بالادستی کی بات کرتا ہے۔پی ڈی ایم ترجمان نے کہا کہ ارشد شریف کی ناگہانی موت پر عمران خان سیاست نہ کریں اور اپنی چوریوں کا جواب دیں۔انہوںنے کہاکہ نامعلوم کالز کے سہارے پی ٹی آئی چیئرمین اقتدار میں آئے اور ملک پر 4 سال حکومت کی۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آج جب وہ بیساکھی سہارا اور نامعلوم کال بند ہوئی تو تمہیں برا لگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آزادی اظہار رائے پر مختلف سیاہ قوانین کے ذریعے پابندی لگانے کی کوشش کی۔