اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ شہریوں کو ریاستی و حکومتی زیادتیوں سے بچانے کے لیے کب حرکت میں آئے گی؟ سیاستدانوں، صحافیوں پر دہشتگردی کے الزامات لگانے اور انہیں بغاوت پر اکسانے کا سلسلہ جاری ہے،
ہم نے تبدیلی حکومت کی سازش پروان چڑھتے بھی دیکھی، یہی وقت ہے اب عدلیہ حرکت میں آئے۔عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ارشد شریف کے قتل نے ملک بھر میں شدید صدمے کی لہر کوجنم دیا ہے۔ اس قتل نے اربابِ اختیار سے سوال پوچھنے یا انہیں ہدفِ تنقید بنانے کی جسارت کرنے والے ہر فرد کو نشانہ بنائے جانے کے رواں سلسلے کو پھر سے اجاگر کیا ہے۔ شہریوں کو آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق کی فراہمی اور انہیں ریاستی و حکومتی زیادتیوں سے بچانے اور محفوظ رکھنے کیلئے ہماری اعلیٰ عدلیہ کب حرکت میں آئے گی؟ ہماری نگاہوں کے سامنے شہریوں، سیاستدانوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو خوف و ہراس اور تشدد کا نشانہ بنانے، انہیں گرفتار کرنے، ان پر دہشتگردی کے الزامات دھرنے اور انہیں بغاوت پر اکسائے جانے کا سلسلہ جاری ہے ،! اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی سابق وزیراعظم عمران خان مرحوم ارشد شریف کے گھر تعزیت کے لیے گئے،عمران خان نے ارشد شریف کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ارشد شریف کے اہلخانہ اور والدہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عمران خان کے ہمراہ زلفی بخاری سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے