میلبرن (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف اچھا میچ ہوا، ہم نے اچھی ایفرٹ کی، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے جو ہم نے کی۔ کپتان بابر اعظم نے ڈریسنگ روم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کچھ غلطیاں ہوئیں اس سے سیکھیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر کے ٹیم سے خطاب کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ گرنا نہیں ہے، ابھی بڑے میچز باقی ہیں، یہ نہیں کہنا کہ کسی ایک کی وجہ سے ہارے، یہ ہم سب ہارے ہیں۔ہم بطور ٹیم جیتتے ہیں، ہارتے بھی بطور ٹیم ہیں۔ بابر اعظم نے محمد نواز کی خصوصی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ نواز، تو میرا میچ ونر ہے، میرا بھروسہ ہے، پریشر والا اوور تھا، کلوز لایا، ویلڈن، اس شکست کو یہاں چھوڑ کر آگے جانا ہے، اچھا کھیلنا ہے۔