لاہور ( این این آئی) لاہور میں پشتون تحفظ موومنٹ کے چیئرمین منظور پشتین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔مقدمہ شہری نعیم مرزا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی ، بغاوت اور اداروں کے خلاف اکسانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔ ایف آئی آر کے مطابق منظور پشتین نے اتوار کے روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف تقریر کی اور بلا جواز تنقید کا نشانہ بنایا ۔مقدمے میں منظور پشتین کے 15سے 20نامعلوم ساتھیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو کہ ہال میں اداروں کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔