نیروبی ، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی)کینیا کے انڈی پینڈنٹ پولیس اوور سائٹ اتھارٹی کی چیئر پرسن این ماکوری نے پاکستان کے نامور صحافی ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر تحقیقات کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق این ماکوری
کا پریس کانفرنس میں کہناتھا کہ گزشہ شام کجیاڈو کاونٹی میں ایک پاکستانی کو مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کر دیا گیا ، رپیڈ ریسپونس ٹیم جائے حادثے پر بھیج دی گئی ہے ، پاکستانی شہری کا نام ارشد شریف ہے اور اس کی عمر 50 سال ہے ۔ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں، صحافی کے قتل سے متعلق اتھارٹی کی تحقیقات شفاف ہوں گی ، نیشنل پولیس سروس ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے ۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پیر کو سینئر صحافی ارشد شریف مرحوم کے گھر گئیں اور ان کی والدہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم ارشد شریف کی اہلیہ، بچوں اور تمام اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کینیا سے ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان لانے کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر ارشد شریف کی والدہ سے تعزیت اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد شریف کی وفات کی خبر پر بے حد رنج ہوا، ارشد شریف کی والدہ نے وزیراعظم سے اپنے بیٹے ارشد شریف کی میت جلد پاکستان لانے کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں۔