راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)کینیا میں پاکستانی ڈپٹی ہیڈ آف مشن جنید وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کینیا کے پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ نے ارشد شریف کے قتل کی اطلاع دی۔
جنید وزیر کا کہنا ہے کہ ہائی کمشنر پاکستان نے ابتدائی اطلاع وزارت خارجہ بھیج دی ہے لیکن کینیا کی وزارت خارجہ کی آفیشل اطلاع سے پہلےکچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔ڈپٹی ہیڈ آف مشن پاکستان کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کینیا پولیس کا وفد کچھ دیر میں نیروبی پہنچ رہا ہے، کینیا کے پولیس حکام پاکستانی ہائی کمشنر کو معاملے پر بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ارشد شریف کے واقعے پر پاکستانی سفارتخانے نے کینیا کے صدارتی محل سے بھی رابطہ کیا ہے جس میں واقعے کی مکمل تفصیلات اور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہر ا دکھ ہے۔ آئی ایس پی آرنے اپنے بیان میں کہاکہ اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے درجات کوبْلند کرے۔ آئی ایس پی آر نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔