کراچی (این این آئی)فلائی جناح ،ملک میںکم قیمت فزائی سفر کی سہولیات متعارف کرانے والی ایئرلائن نے یکم نومبر 2022سے کمرشل پروازوں کے آغاز کا اعلان کردیا۔ ابتدائی طور پر اندرون ملک 4روٹس کے ذریعے فزائی آپریشن شروع کیا جائے گا جس میں کراچی سے اسلام آباد،
لاہور، کوئٹہ اور پشاور شامل ہیں۔ ایئرلائن 31اکتوبر 2022کو کراچی سے اسلام آبادکیلئے پہلی پرواز سے کمرشل آپریشن کا آغاز کرے گی۔ صارفین کی سہولت کیلئے فلائی جناح کی ویب سائٹ www.flyjinnah.com،کال سینٹر نمبر 021-3565096پر کال کرکے یا پھر کسی بھی ٹریول ایجنسی کے ذریعے ٹکٹ کی بکنگ اور خریداری کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق یکم نومبر 2022سے اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر کراچی سے آمدو رفت کیلئے 2، 2پروازیں ہوںگی۔ جبکہ پشاور سے کراچی آمدو رفت کیلئے روزانہ ایک پرواز مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی۔ تاہم کوئٹہ سے کراچی آمد و رفت کیلئے ہفتہ میں 4پروازیں مختص کی گئی ہیں۔ فلائی جناح ابتدائی طور پر فزائی آپریشن کا آغازتین A320-200طیاروں کی فلیٹ سے کر رہی ہے، جس میں مسافروں کو ملک کی بہترین اکنامی کلاس میں سب سے زیادہ کشادہ اور آرام دہ سہولیات فراہم کرے گی۔ جبکہ مسافروں کا سفر خوشگوار بنانے کیلئے ایئر لائن کی جانب سے تمام طیاروں میں ’SkyTime‘کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے فلائٹ کے دوران مسافر اپنی ڈیوائسسز کے ذریعے اسٹریمنگ سے انٹرٹینمنٹ کی وسیع رینج تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ فلائٹ کے شیڈول کی تفصیلی معلومات اور اوقات کار فلائی جناح کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔