کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ جاری ہے جس کے باعث پاکستانی روپیہ اپنی قدر کھوتا جا رہا ہے۔آج صبح کاروبار کے آغاز میں ہی امریکی ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔انٹر بینک میں ڈالر 61 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 219 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔انٹر بینک میں گزشتہ
روز ڈالر218 روپے 89 روپے پر بند ہوا تھا۔اُدھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 226 روپے 20 پیسے کا ہو گیا۔گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر225 روپے 70 پیسے کا ہو گیا تھا۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے حکومت نے ایف آئی اے کو ٹاسک دیتے ہوئے مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈائون کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کے چیف آف اسٹاف کے دستخط سے زونل دفاتر کو ایک مراسلہ جاری ہوا ہے، جس میں مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ڈالر کی قیمت میں یومیہ بنیادوں پر اتار چڑھائو سے معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔مراسلے کے مطابق کریک ڈائون کی ہفتہ وار رپورٹ ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو ارسال کی جائے گی، کارروائیوں کی آڑ میں ممکنہ کرپشن کی روک تھام کے لیے زونل ڈائریکٹرز نظر رکھیں گے۔