اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنہ، جھوٹا شخص صبح دوپہر شام صرف جھوٹ بولتا ہے، اس کا کام صرف جھوٹ بولنا، جھوٹ بولنے کا سبق سکھانا اور جھوٹ بولنے کی تلقین کرنا ہے، عمران نیازی کی شخصیت صرف جھوٹ، جھوٹ اور جھوٹ پر مبنی ہے، صدر مملکت بھی عمران خان کو جھوٹا شخص قرار دے چکے ہیں۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا عمران نیازی سے سوال پوچھا جائے تو یہ دوسروں سے سوال پوچھنا شروع ہو جاتے ہیں۔عمران نیازی سے فارن فنڈنگ کا سوال کیا جائے تو یہ کہتے ہیں کہ دوسری پارٹیوں کی فارن فنڈنگ بھی ہوئی۔عمران نیازی اپنے سوال کا جواب دیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناتھا فارن فنڈنگ کا فیصلہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف آیا ہے۔عمران خان پارٹی فنڈنگ اور اکا ئو نٹیبلٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔عمران نیازی نے صرف ایک بیانیہ بنانا ہے کہ اگر کوئی مجھے جھوٹا اور کرپٹ کہے تو میں اتنا جھوٹ بولوں کہ وہ سچ لگنے لگے۔عمران نیازی سے چوری کی بات پوچھی جائے تو یہ دوسروں پر چوری کا الزام لگانا شروع کر دیتے ہیں، ’’یاد ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا‘‘ عمران خان صاحب کا اس وقت یہ حال ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کا مزیدکہناتھا عمران خان چار سال ملک کے وزیراعظم رہے اور ڈی جی ایف آئی اے کو وزیراعظم ہائوس کے باتھ روم میں بند کیا۔انہوںنے کہا عمران نیازی نے طیبہ گل کو وزیراعظم ہائوس میں حبس بے جا میں رکھا۔عمران خان کے پاس چار سال تک احتساب کی مشینری رہی، پوری ریاستی طاقت ان کے پاس موجود تھی جس کا انہوں نے ناجائز استعمال کیا۔آج ان کا یہ کہنا کوئی معنی نہیں رکھتا کہ مریم نواز، حسن نواز، حسین نواز کہاں رہتے ہیں اور کون سے فلیٹس ہیں۔آج وہ جو باتیں کر رہے ہیں تو ایون فیلڈ کیس میں نیب کیوں ثبوت پیش نہیں کر سکا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا اگر عمران نیازی کے پاس چوری کی دستاویزات اور شواہد موجود تھے تو انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ گرفتار کیا، ان کے خلاف کیوں ثبوت پیش نہیں کئے۔ عمران نیازی بار بار جھوٹ بول کر الزام لگاتا ہے، یہ تماشا بند کرنا ہوگا۔عمران خان آج بھی جلسوں میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولتا ہے، یہ وہ شخص ہے جس نے خود آئین شکنی کی اور وہ آئین پر حلف لے رہا ہے۔عمران نیازی اپنا قد بڑھانے کے لئے نواز شریف کا نام لیتا ہے اور جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔