لاہور(این این آئی)پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق 13اگست سے مون سون بارشوں کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 13اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کے نئے اسپیل کا امکان ہے۔ آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے بہا میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے، گزشتہ ہفتے کے دوران بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے،دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 61فیصد تک بھر چکا ہے۔ پونگ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 76فیصد جبکہ تھین ڈیم میں 64فیصد ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ارسا اور محکمہ آب پاشی 24گھنٹے دریاں کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں جبکہ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بھی لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آب پاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہے۔