اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کی ایک نئی تصویر سامنے آنے کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق لندن سے جاری اس تصویر میں کوہلی ایک شخص شش کیرن کے ساتھ نظر آ رہے ہیں، اگرچہ اس شخص کی شناخت کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم سب کی توجہ کا مرکز ویرات کوہلی کی سفید داڑھی بن گئی۔اس تصویر میں کوہلی کا انداز اور چہرے کے خدوخال پہلے سے کافی مختلف دکھائی دے رہے ہیں، حتیٰ کہ بعض مداح انہیں پہچان بھی نہ سکے۔ ان کی داڑھی کی نمایاں سفیدی نے شائقین کو حیران کر دیا۔
ویرات اس وقت 36 برس کے ہیں اور جلد 37 کے ہونے والے ہیں، جس پر مداحوں نے خاصی حیرت کا اظہار کیا۔یہ تصویر 10 جولائی کو یوراج سنگھ کی میزبانی میں ہونے والی تقریب میں شرکت کے بعد پہلی بار سامنے آئی ہے، جس میں کوہلی نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ سے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے اشارے بھی دیے تھے۔ اس تقریب میں انہوں نے مذاقاً کہا تھا کہ “میں نے دو دن پہلے ہی داڑھی رنگی ہے، جب آپ ہر چار دن بعد یہ کام کرنے لگیں تو سمجھ لیں وقت قریب آ گیا ہے۔
” اس جملے کو سوشل میڈیا پر میمز میں خوب استعمال کیا گیا، لیکن اب ان کی سفید داڑھی دیکھ کر مداحوں کو لگ رہا ہے کہ یہ تبصرہ حقیقت کے قریب تھا۔یہ پہلا موقع نہیں جب کوہلی کی سفید داڑھی خبروں میں آئی ہو۔ جولائی 2023ء میں انہوں نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کی داڑھی کی بڑھتی سفیدی تصویر کے دیگر پہلوؤں پر حاوی ہو گئی تھی۔ ایم ایس دھونی کی طرح کوہلی کی داڑھی بھی نسبتاً کم عمر میں سفید ہونا شروع ہو گئی۔یہ بات سب جانتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتانی ایک کٹھن ذمہ داری ہے، جو کھلاڑی پر ذہنی دباؤ ڈالتی ہے۔ خود انوشکا شرما نے 2022ء میں کوہلی کے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ “مجھے یاد ہے ایم ایس دھونی آپ سے مذاق کر رہے تھے کہ آپ کی داڑھی جلد سفید ہو جائے گی، ہم سب نے ہنسی مذاق میں یہ سنا، لیکن اس دن کے بعد میں نے نہ صرف آپ کی داڑھی کو سفید ہوتے دیکھا بلکہ آپ کی شاندار ترقی کا بھی مشاہدہ کیا۔”ویرات کوہلی گزشتہ سال ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد مختصر فارمیٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ اگرچہ یہ فیصلہ متوقع تھا، لیکن مداح یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ ایک سال سے کم عرصے میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی الوداع کہہ دیں گے۔