اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کے کزن آصف قریشی کو دہلی میں ان کے گھر کے باہر قتل کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی رات نظام الدین علاقے میں پیش آیا، جہاں بائیک پارکنگ کے جھگڑے پر 19 سالہ اُجوال اور 18 سالہ گوتم نامی دو نوجوانوں نے آصف پر حملہ کر دیا۔ واقعہ رات تقریباً 11 بجے اس وقت ہوا جب آصف نے ملزمان سے اپنے گھر کے سامنے کھڑی اسکوٹر ہٹانے کا کہا۔پولیس کے مطابق تکرار کے بعد دونوں نوجوان واپس آئے اور تیز دھار ہتھیار، غالباً چاقو سے آصف پر وار کیا۔
شدید زخمی حالت میں آصف کو اسپتال پہنچایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھگڑے کے دوران ایک ملزم نے آصف کو گریبان سے پکڑ کر سینے میں وار کیا، جبکہ آصف کی اہلیہ سَیناز قریشی انہیں بچانے کی کوشش کرتی رہیں۔ اس کے باوجود ملزمان نے سرعام قتل کر کے موقع سے فرار اختیار کر لیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ آصف اور ملزمان کے درمیان ماضی میں بھی پارکنگ کے مسئلے پر جھگڑے ہو چکے تھے۔