لاہور ( این این آئی) لاہور میں مسلح ڈاکوئوں نے ملازمین کو یرغمال بناکر گھر سے ایک کروڑ سے زائد مالیت کے زیوارات و نقدی لوٹ لی،پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی کی واردات لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں پیش آئی
جہاں تین ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور ملازمین کو یرغمال بناکر گھر کا صفایا کردیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے متاثرہ شہری اعجاز احمد کی مدعیت میں 3نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کرلیے ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں کررہی ہے۔شہری اعجاز احمد کی جانب سے پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق تین ڈاکو شہری اعجاز احمد کے گھر داخل ہوئے اور دو ملازمین کو یرغمال بنا لیا اور میں فیملی کے ہمراہ فیصل آباد سے گھر پہنچا تو ایک ڈاکو گن پوائنٹ پر بیٹے احمد کو اندر کے گیا۔شہری اعجاز نے کہا کہ ڈاکوں نے گھر کی چابیاں لیکر 94لاکھ مالیت کے زیورات، نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے، ملزمان کی عمریں 25سے 30سال کے درمیان تھی جو کار پر فرار ہوئے۔ ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایس پی کینٹ کا کہناتھاکہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے ۔