اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مانچسٹر پولیس نے پاکستانی کرکٹر حیدر علی سے متعلق اہم تفصیلات جاری کی ہیں۔پولیس کے مطابق 4 اگست کو جنسی زیادتی کی ایک شکایت موصول ہوئی، جس کا تعلق مبینہ طور پر 23 جولائی کو مانچسٹر میں پیش آنے والے واقعے سے ہے۔ اس کیس میں 24 سالہ ایک شخص کو حراست میں لیا گیا، تاہم ابتدائی کارروائی کے بعد تحقیقات مکمل ہونے تک اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
اب تک حیدر علی یا ان کے وکلا کی جانب سے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ گزشتہ روز یہ خبر آئی تھی کہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار ہونے کے بعد حیدر علی کو ضمانت دے دی گئی ہے۔مانچسٹر پولیس نے انہیں دو ہفتے بعد دوبارہ طلب کیا ہے اور اس دوران برطانیہ سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آیا۔ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی مانچسٹر پولیس کے ایک فوجداری کیس میں شامل تفتیش ہیں، اسی وجہ سے انہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔