لاہور ( این این آئی) آن لائن ٹرانسپورٹ ایپ اوبر نے اسلام آباد سمیت پاکستان کے پانچ بڑے شہروں میں سروس بند کر دی ۔ کمپنی کے صارفین کو ایک اطلاع موصول ہوئی جس میں لکھا گیا تھا کہ ہم نے 11اکتوبر 2022ء سے کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد،
ملتان اور پشاور میں اوبر سروسز کو مزید پیش نہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے ذیلی برانڈ ’’کریم ‘‘کے ساتھ ان پانچ شہروں کی خدمت جاری رکھیں گے اور لاہور میں اوبر ایپ کو چلانا جاری رکھیں گے۔ڈرائیور حضرات کی ایپ میں کہا گیا ہے کہ آپ 11 اکتوبر 2022 کے بعد اوبر ایپ استعمال کرنے والی سواریوں کو نقل و حمل کی سہولت فراہم نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی آپ ان شہروں میں اوبر ایپ تک رسائی حاصل کر پائیں گے۔ایپ میں ڈرائیور حضرات کو مطلع کیا گیا ہے کہ اوبر کی سروس اور ایپ لاہور میں فعال اور دستیاب رہے گی۔ڈرائیور حضرات کی ایپ میں کہا گیا ہے کریم کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور فیصل آباد میں دستیاب ہے ڈرائیور حضرات اب کریم ایپ پر سائن اپ کر سکتے ہیں۔ڈرائیور حضرات کے لیے اوبر کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر تمام بقایا جات بھی معاف کر دیئے گئے ہیں۔