لاہور، اسلام آباد( این این آئی)پاسپورٹ ملنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا جلد لندن روانگی کا امکان ہے ،مریم نوازکی4 سال بعد اپنے والد سے ملاقات ہو گی ۔بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کی لندن روانگی کا اعلان ویزہ جاری ہوتے ہی کردیا جائے گا۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مریم نواز اپنے والد نوازشریف کی وطن واپسی پر ان کے ہمراہ ہوں گی۔
لندن میں قیام کے دوران مریم نواز کی جانب سے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز نے عدالتی حکم پر پاسپورٹ واپس ملنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ظلم اور انتقام پر مبنی سیاست کو ایک دن مٹنا ہی تھا ۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی فل کورٹ بینچ نے مریم نواز کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز کی درخواست منظور ہونے پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ میرا پاسپورٹ واپس مل گیا ہے مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ میرا پاسپورٹ اس کیس میں 3 سال تک ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی نہیں۔مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ میرے جلسوں کے خوف سے فتنہ نے مجھے تفتیش کیلئے 3ماہ نیب میں حبس بے جا اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا مگر کیس آج تک فائل نہیں ہوا۔نائب صدر مسلم لیگ ن نے لکھا کہ فتنہ کی ظلم اور انتقام پر مبنی سیاست کو ایک دن مٹنا ہی تھا کیونکہ یہ قدرت کا اصول ہے مگر یہ فارن ایجنٹ آج بھی جھوٹ بولنے اور جعل سازی سے باز نہیں آیا، مکافاتِ عمل اور اس کا عبرتناک انجام اس کے تعاقب میں ہے۔