اسلام آباد( این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کے تناظر میں اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد حل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم کی زیر صدارت سیلاب زدگان کیلئے امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں نیشنل فلڈ رسپانس کوارڈی نیشن سنٹر کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو سیلاب زدگان میں امدادی اشیا ء کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امدادی کارروائیوں میں در پیش مسائل کو حل کیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب کے تناظر میں اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ امدادی کارروائیوں میں شامل افراد کی سکیورٹی کو موثر بنایا جائے ۔امدادی رقوم کی ادائیگی میں کٹوتی کی شکایات کی روک تھام کی جائے۔ سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، کوارڈی نیٹر نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوارڈی نیشن سینٹر میجر ظفر اقبال، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، صوبائی حکومتوں کے چیف سیکرٹریز ، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔