لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی اورسابق وزیر اعظم عمران خان کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں بلا کر خطاب کرانے پر وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کو فیڈرل جامعات کے لیے قائم تلاش کمیٹی سے فارغ کر دیا گیاہے ۔وفاقی وزارتِ تعلیم کے
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اصغر زیدی کی جگہ ڈاکٹر شعیب میر کو تلاش کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔دوسری جانب جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔مسلم لیگ (ن)کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئیقرارداد کے متن میں کہاگیا کہ یہ ایوان گورنمنٹ یونیورسٹی لاہور میں سیاسی جلسے کے انعقاد پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر میں یونیورسٹی کو سیاسی اکھاڑہ بنانے کی کوشش کی ہے۔دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد ملزم عمران خان کوطلبہ کے خطاب کرنے کی اجازت دی گئی۔وائس چانسلر نے باقاعدہ سیاسی جماعت کو پرموٹ کرنے کی کوشش کی ہے۔ قراردا دمیں مطالبہ کیاگیا کہ جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اورجی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اس عہدے پر رہنے کے اہل نہیں رہے انکو اخلاقی طور پر مستعفی ہوجا نا چاہیے۔