واشنگٹن(این این آئی)حال ہی میں اسرائیل کا دورہ کرنے والے امریکی شہریت کے حامل این جی اوز کے نمائندوں کے سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے قریبی دوست نکلے، ڈاکٹر نسیم اشرف نے 2005 ء میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دورہ امریکہ کے دوران
نیویارک میں یہودیوں کی سب سے بڑی تنظیم کی تقریب میں بھی پرویز مشرف کو شرکت پر آمادہ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں امریکی شہریت کے حامل این جی اوز کے ایک وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا اس وفد کی قیادت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے قریبی دوست اور کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کی۔ ڈاکٹر نسیم اشرف پرویز مشرف کے دور حکومت میں کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی رہے اور وزیراعظم سیکرٹریٹ میں شوکت عزیز کے مشیر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں۔ وہ 2008 ء میں واپس امریکہ چلے گئے انکے چند رشتہ دار اسلام آباد میں ایک معروف پرائیویٹ ہسپتال بھی چلاتے ہیں۔ واضح رہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے 2005 ء کے دورہ امریکہ کے دوران نیو یارک میں یہودیوں کی ایک سب سے بااثر تنظیم نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کے معاملے میں لابنگ کی اور ایک خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے سابق صدر پرویز مشرف نے خطاب بھی کیا تھا۔ اس تقریب میں اس وقت کے وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری بھی شریک تھے۔