اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ جو صوبے پاکستان کے دارالحکومت پر چڑھائی کرنے والے مارچ کا حصہ بنیں گے وہ آئینِ پاکستان کی خلاف ورزی کریں گے جس کے نتائج سامنے آئیں گے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان
کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا شخص جو پوری قوم اور نوجوان نسل کو بدتمیزی سکھا رہا ہو اور لوگوں کو گمراہ کر رہا ہو، ایسے شخص کے ساتھ کون لاڈ کر سکتا ہے، وہ کسی کا بھی لاڈلا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان، اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں احتجاج کریں گے تو ان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی مگر وہ ڈی چوک کی طرف بڑھے تو ان سے نمٹا جائے گا اور قوم نے اگر اس کا ادراک نہ کیا تو یہ ایسا ہی ہے جیسا ایک پاگل جرمنی میں پیدا ہوا تھا اور اگلے پچاس سال اس قوم نے غلامی کاٹی تھی۔رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے مارچ پر تبصرہ کرتے کہا کہ جو صوبے اس قسم کے مارچ کی حمایت کریں گے جو کہ پاکستان کے دارالحکومت پر چڑھائی کے لیے ہوگا وہ آئینِ پاکستان کی خلاف ورزی کریں گے جس کے نتائج نکلیں گے، کیونکہ پھر وفاقی حکومت کو اس پر آئین اختیارات فراہم کرتا ہے۔