کراچی (این این آئی)چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے تھر پارکر مٹھی میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے بعد خود کشی سے متعلق اخبار کی خبر پر نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی میرپور خاص اور ایس ایس پی تھرپار کار کو طلب کرلیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ ایس ایچ او اور کیس کے تفتیشی افسر 22 ستمبر کو ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوں۔دوسری جانب ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار نیازی کے مطابق مٹھی میں اجتماعی زیادتی کے الزام میں 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی کی جانب سے دعوی کیا جا رہا ہے کہ ایف آئی آر کے لیے مسلسل ورثا سے رابطے کیے تھے، لڑکی کی خودکشی کے بعد ورثا نے ایف آئی آر درج کرائی۔ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار نیازی کے مطابق دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ تھرپارکر کے علاقے کلوئی میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی ہوئی تھی، یہ واقعہ 8 ستمبر کوپیش آیا تھا جبکہ متاثرہ لڑکی نے18 ستمبر کو خود کشی کی تھی۔