واشنگٹن(این این آئی)امریکا کی جیل میں قید سینئر طالبان رہنما حاجی بشیر نور زئی کو رہا کر دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی جیل سے رہائی کے بعد سینئر طالبان رہنما حاجی بشیر نور زئی کابل پہنچ گئے۔قطر میں موجود طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ۔اپنے بیان میں محمد نعیم نے تصدیق کی ہے کہ حاجی بشیر نور زئی کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ کابل پہنچے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق سینئر طالبان رہنما بشیر نور زئی امریکا کی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے تاہم وہ گوانتا نامو بے جیل میں قید نہیں تھے۔افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ طالبان رہنما بشیر نور زئی کو آج صبح کابل ایئر پورٹ پر افغان حکومت کے حوالے کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بشیر نور زئی ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں 2005 میں امریکا میں گرفتار ہوئے تھے۔