اسلام آباد(آن لائن )قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے افغانستان کی شکست کو غرور و تکبر کا نتیجہ قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں شعیب اختر نے آصف علی اور افغان بولر فرید احمد کے درمیان ہونے والے تلخ جملوں کے تبادلوں
پر افغان ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا، ساتھ ہی ایک بیان میں افغان شائقین کی جانب سے پاکستانی شائقین پر حملے پر بھی بات کی۔ شعیب اختر نے ویڈیو بیان میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کی تعریف کرتے ہوئیکہا کہ اس نے سب کے دل جیت لیے ہیں۔ساتھ ہی شعیب اختر نے افغان ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہم بطور قوم افغانستان کو لاڈ کرتے ہیں، پیار کرتے ہیں، سپورٹ کرتے ہیں کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، ہم نے ہر برے وقت میں آپ کو سپورٹ کیا لیکن یہ کیا طریقہ ہے کہ آپ آصف علی کو آٹ کرکے دھکا مار رہے ہو، بدتمیزی کر رہے ہو، پھر دوسرا بندہ بھی آکر آصف کو دھکا مارتا ہے، آپ کرکٹ کھیلو، جوش دکھا لیکن بدتمیزی نہ کرو،آپ دھکے مار رہے ہو اور گالیاں دے رہے ہو، یہ بدتمیزی برداشت نہیں ہو گی، اسی لیے اللہ نے بھی آپ کو سزا دی، آپ نے غرور کیا یہی وجہ تھی کہ اللہ نے آپ کی ٹیم کو ذلیل کیا۔دوسری جانب شعیب اختر نے افغانیوں کے ہاتھوں پاکستانیوں پر حملے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ افغانی ایسی حرکتیں کر رہے ہیں، اِنہوں نے ماضی میں بھی متعدد بار ایسا کیا ہے، کرکٹ ایک کھیل ہے اور اسے بطور کھیل ہی لیا جانا چاہیے، اگر آپ لوگ کھیل کے شعبے میں ترقی کرنا چاہتے ہیں تو آپ کی عوام اور کھلاڑیوں، دونوں کو ہی کچھ چیزیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔