اسلام آباد ، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔حکومت نے پیٹرول کی قیمتمیں 2 روپے7 پیسے
فی لیٹر اضافہ کردیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 235 روپے 98 پیسے ہوگئی۔اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 99 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 247 روپے 43 پیسے ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 79 پیسے اضافہ کیا گیا۔لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 201 روپے54 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 10 روپے 92 پیسے اضافہ کردیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 210 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔دوسر ی جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے بعد عوام حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر کو شہر بھر کے پٹرول پمپوں پر پٹرول کے حصول کے لئے آنے والے شہری بلبلا اٹھے اور قیمتوں میں اضافے پر وفاقی حکومت کو کوستے رہے۔ عوام حلقوں نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی فوری تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا۔