اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں کہا کہ اس وقت ملک میں بہت بڑا امتحان ہے سیلاب کی وجہ سے پوراملک متاثر ہے اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ
پورا پاکستان مل کراس امتحان کاسامنا کرے۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ہمارے نوجوان رضاکار فورس میں شامل ہوں اور متاثرین کی مدد کریں۔انہوں نے بتایا کہ ہم ایک کنٹرول روم بنا رہے ہیں جس کے ذریعے رضاکاروں کو گائیڈ کریں گے اور ڈائریکشن دیں گے تاکہ رضاکارمتاثرہ لوگوں تک پہنچیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کی اطلاعات ہیں کہ ایک ہزارسے زائد اموات ہوئیں جبکہ سیلاب سے مالی طور پر تخمینہ لگایا گیا ہے کہ ایک ہزار ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ 2010 کے سیلاب میں قوم کو متاثرین کی مدد کرتے ہوئے دیکھا ہے اب بھی مشکل گھڑی میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کی بھرپور مدد کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ جو بھی فنڈز ملیں گے اسے ثانیہ نشتر کی سربراہی میں خرچ کیا جائے گا ہمارا مقصد ہے کہ جتنے بھی فنڈز جمع ہوں گے سیلاب متاثرین پر خرچ کریں گے۔ٹیلی تھون مہم کے دوران چند منٹوں میں 50 کروڑ روپے جمع ہوگئے جبکہ امریکا سے ایک پاکستانی کی جانب سے 22 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
برطانوی نژاد پاکستان باکسر عامر خان کی جانب سے بھی پانچ ملین روپے امداد دینے کا اعلان کیا گیا۔عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں ایک اور اوورسیز پاکستانی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے پانچ ملین روپے کی امداد دی گئی۔
ایک پاکستانی شہری نے اپنا عمرے پر جانے کا پروگرام کینسرل کرتے ہوئے متاثرین کے لیے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔فیصل جاوید کے مطابق اب تک 85 کروڑ 10 لاکھ روپے جمع ہو چکے ہیں ۔