دبئی (این این آئی)دبئی میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2022 کیلئے پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان، بھارت اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں نے
بدھ کو دبئی میں پہلا پریکٹس سیشن کیا۔دبئی میں آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان اورافغانستان کی کرکٹ ٹیموں نے ایک ہی میدان پر مگر الگ الگ نیٹس پر ٹریننگ کی۔پاکستان کرکٹ ٹیم جب اپنی ٹریننگ ختم کرچکی تو فلڈ لائٹس میں بھارتی ٹیم ٹریننگ کیلئے میدان میں پہنچی۔دبئی میں پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی بھی ملاقات ہوئی، دونوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے، حال احوال پوچھا اور کچھ دیر تک گفتگو کی۔بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم کی اس ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے صارفین نے خوب سراہا۔دوسری جانب بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کیلئے راہول ڈریوڈ کی جگہ وی وی ایس لکشمن کو بھارتی ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کردیا۔بھارتی بورڈ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کورونا کا شکار ہیں اور وہ صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم کو دوبارہ جوائن کریں گے۔
بورڈ نے بتایا کہ راہول ڈریوڈ کی غیرموجودگی میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں وی وی ایس لکشمن بھارتی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ہوں گے۔خیال رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 27 اگست سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت کا میچ 28 اگست کو ہوگا۔