اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )وزارت داخلہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم آفس سے تحریری اجازت مانگ لی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمے کے بعد عمران خان کی گرفتاری کا امکان ہے
اور رات سے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بنی گالہ جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں بنی گالہ چوک پر موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم آفس سے تحریری اجازت مانگ لی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو گرفتار کیے جانے کے امکان کی اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمائوں نے ان کی گرفتاری کو ریڈ لائن قرار دیدیا۔یہ پیش رفت مقدمے کے بعد سامنے آئی جو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ایف نائن اسلام آباد میں دورانِ تقریر پولیس کے اعلیٰ افسران اور خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر درج کیا گیا تھا۔بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوچکی ہے۔