اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے 5 بڑے ریلوے اسٹیشنز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزارت ریلوے جلد نوٹیفکیشن جاری کر دیگی،گزشتہ روز وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلوے انتظامیہ کا اجلاس ہوا جس میں 5 بڑے ریلوے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی، لاہور
، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشنز کو کمرشل حب بنایا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تمام پاور وینز کی نومبر تک مکمل فٹ حالت میں دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے اور کہا کہ تمام سنگل ڈیزل جنٹریٹر سیٹ ڈبل کیے جائیں اور ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی کے انتظامات کو بھی بہتر کیا جائے۔قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریلوے انتظامیہ کو ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کی ہدایت کی، جس کے بعد ایکسپریس اور پیسنجر ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں کمی کا امکان ہے، فریٹ اور پارسل کے کرایوں میں بھی کمی کا امکان ہے، وزارت ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 5 سے 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے، سیکرٹری ریلوے ظفر زمان رانجھا کی سربراہی میں جلد اجلاس متوقع ہے جس میں کرایوں میں کمی کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، وزارت ریلوے سے منظوری کے بعد کرایوں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔اس سے پہلے محکمہ ریلوے نے ٹرینوں کے کرائے 20 فیصد تک بڑھانے کی تجویز دی تھی، کیون کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھنے پر ریلوے کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھنے سے اخراجات میں 3 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے تاہم حتمی طور پر کرائے بڑھانے کا فیصلہ ریلوے ڈویڑن کرے گی۔