کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ بارش برسانے والا سسٹم 23 اگست سے سندھ میں داخل ہوگا ، جس کے باعث شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا راج ہے ، شہر میں ہفتہ کی صبح مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ، جس سے موسم خوشگوارہوگیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری
سینٹی گریڈ اور 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے ، دن میں درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری تک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ بارش برسانے والاسسٹم 23 اگست سے سندھ میں داخل ہوگا۔دوسری جانب رواں سال ملک میں مون سون کی زیادہ بارشوں کے باعث کپاس کی تیار فصل کو سخت نقصان پہنچا ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق کپاس کی 10 سے 50 فیصد فصل کو نقصان پہنچا ہے اور اس میں زیادہ تر فصل سندھ سے ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق اس صورت حال کے پیش نظر اس بات کے امکانات ہیں کہ حکومت کو عالمی مارکیٹ سے کپاس درآمد کرنا پڑے گی کیونکہ ملکی برآمدات کا 60 فیصد تعلق ٹیکسٹایل کی صنعت سے ہے تاہم گنے اور چاول کی فصلوں کو ان بارشوں سے زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے۔پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کے وائس چیئرمین ڈاکٹر محمد علی تالپور نے اس ضمن میں بتایاکہ سپارکو کی سیٹلائٹ تصاویر اور ڈیٹا ظاہر کرتے ہیں کہ سندھ میں اس وقت ہر جہاں بارش کا پانی کھڑا ہے جس نے فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ان نقصانات کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے کیونکہ اس وقت بارشیں ہورہی ہیں تاہم ایک اندازہ ہے کہ 10 سے 15 فیصد کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے تاہم ابھی سرکاری طور پر اس نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا گیا ہے۔اس سیزن میں کپاس کی فصل کا تخمینہ ایک کروڑ 50 لاکھ گانٹھیں لگایا گیا تھا جس میں سے 95 فیصد اس وقت کھیتوں میں تیار تھیں۔