اسلام آباد (این این آئی)مسلم (ن )کی اعلیٰ قیادت سمیت اتحادیوں کے تحفظات پر وزیراعظم نے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اتحادیوں کو ٹیلیفونک یا پھر اعلی سطح اجلاس بلاکر مشاورت کریں گے اور اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ بھی دیئے جانے کا امکان ہے ۔دوسری جانب حکومت کے ایک اور اتحادی آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے بھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں آفتاب شیر پائو نے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ کیا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پی ڈی ایم کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہاکہ حکومت حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری ، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ، مریم نواز اور ایم کیو ایم پہلے ہی تحفظات کا اظہار کرچکی ہے ۔