لاہور (آن لائن) پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اندرون ملک ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کو کرائے کی مد میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے ،بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے حکام نے لاہور کراچی، لاہور اسلام آباد اور کراچی اسلام آباد
سمیت دیگر ڈومیسٹک پروازوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو 14 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ تمام فضائی مسافر جو آج اور کل ٹکٹ خریدیں گے انہیں کرایوں میں 14 فیصد رعایت دی جائے گی۔ دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر مختلف جرائم میں ملوث جیلوں میں بند سزا یافتہ قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ جس کے مطابق قیدیوں کی سزا کا پانچواں حصہ معاف کردیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے یہ حکم وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر جاری کیا ہے جبکہ آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت قیدیوں کی سزائوں کو کم کردیا گیا ہے۔ فیصلے کے مطابق ملک بھر کی جیلوں میں قید 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں کی باقی سزا معاف کردی گئی ہے۔ اسی طرح دیگر قیدیوں کی سزائوں میں بھی بالترتیب کمی کردی گئی ہے۔ تاہم دہشت گردی، ڈکیتی، قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث سزا یافتہ قیدیوں پر اس رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔