تحریک انصاف بڑی مشکل میں پھنس گئی، ایف آئی اے نے خفیہ اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا
کراچی(این این آئی)کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)نے پاکستان تحریک انصاف کے 4 نئے خفیہ اکاؤنٹس کا پتہ لگا لیاہے۔
سابق گورنر پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل اور رکن سندھ اسمبلی سیما ضیا کو طلب کرلیا گیا،
عمران اسماعیل کو 15 اگست اور سیما ضیا کو 12 اگست کو پیش ہونے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔
اس سے پہلے ایف آئی اے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر اور تحریک انصاف پنجاب کے رہنما محمود الرشید کو بھی طلب کرچکی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ان کے ناموں پر چل رہے اکاونٹس سے متعلق سوال و جواب کرے گا۔
حکام کے مطابق پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے کی اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بیک وقت 6 انکوائریز جاری ہیں۔
حکام نے بتایاکہ 13 اکاؤنٹس کی شناخت ہوئی ہے، جن میں یہ رقوم منتقل ہوئیں، جن بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں،
ان کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔عدالتوں نے ان بینکوں کو مکمل تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔