اسلام آباد (آن لائن)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے ساتھ کام کرنے سے معذرت کرلی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے وفاق میں تبادلے کے لیے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ خط لکھ دیا۔
جس میں انہوں نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر چیف سیکرٹری کی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتا، فوری طور پر میری پنجاب سے خدمات واپس لے لی جائیں، ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے غیر قانونی احکامات ماننے سے صاف انکار کر دیا اور ان کے ساتھ مزید کام کرنے سے معذرت کر لی ہے ،چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی میرے کام میں بے جا مداخلت کررہے تھے اور پنجاب کے ہر ضلع پٹواری سے لیکر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او تک کے تبادلوں کے ازخود احکامات جاری کئے، پنجاب میں کام کرنیوالی بیوروکریسی پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے غیر قانونی احکامات سے سخت نالاں ہیں ،ذرائع نے بتایا کہ پولیس سروس اور ایڈمنسٹریٹو سروس کے درجنوں افسران بار بار وفاق میں تبادلے کے لیے چیف سیکرٹری کامران علی افضل سے رابطے کررہے ہیں۔