چار سدہ(آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اس ملک کی بڑی برائی ہے جس کو جڑ سے نکالنا چاہیے، الیکشن کمیشن کیخلاف قراردادیں فنڈنگ کیس پر اثر انداز ہونے کیلیے ہیں۔ صحافیو ں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں، الیکشن کمیشن کے خلاف قراردادیں فارن فنڈنگ کیس پر اثر انداز ہونے کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر اعتراض نہیں بلکہ فیصلوں پر اعتراض ہے۔ اداروں کے سربراہان بھی انسان ہوتے ہیں جن سے غلطیاں ہوتی ہیں۔ سپریم کورٹ سے بھی بعض فیصلوں میں غلطیاں ہوئی ہیں۔ ججز کی عدم دستیابی پر چیف جسٹس نے فل کورٹ سے انکار کیا، پھر دو روز بعد ہی چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلالیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چار سال تک ملک پر مسلط ٹولے نے معیشت کو تباہ و برباد کردیا، پاکستان کی معاشی صورتحال ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عمران خان ٹولے کا ایک کام باقی تھا اور وہ ریاست توڑنا تھی۔ 4 سال تک ملک پر مسلط ٹولے نے معیشت کو تباہ وبرباد کردیا۔ یہ ملک کی بڑی برائی ہے جس کو جڑ سے نکالنا چاہیے۔ سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پاکستا ن کی معاشی صورتحال ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا اور موجودہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے بعد ہی مقررہ وقت پر نئے انتخابات ہوں گے۔