برمنگھم ،لندن(این این آئی)کامن ویلتھ گیمز میں قومی باکسر الیاس حسین نے کامیابی اپنے نام کرلی۔الیاس حسین نے فیدر ویٹ میں لوسوٹو کے موروکی موکھوٹو کو آئوٹ کلاس کردیا۔مقابلے کے ریفری نے 2 منٹ 55 سکینڈ میں فائٹ روک دی اور الیاس کو فاتح قرار دیا۔
دوسری جانب اسکواش کے مقابلوں میں پاکستان کے ناصر اقبال پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ناصر اقبال کا مقابلہ ہم وطن طیب اسلم سے تھا تاہم وہ مقابلے سے ریٹائر ہوگئے۔اسکواش میں ویمنز سنگلز میں آمنہ فیاض کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آمنہ فیاض کو ملائیشیا کی راشیل آرنلڈ نے شکست دی۔ملائیشین پلیئر کی جیت کا اسکور 3ـ11، 2ـ11 اور 5ـ11 رہا۔دوسری جانب برطانیہ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں شریک قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی فیڈریشن کے ڈیلی الاؤنس کے منتظر ہیں۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو یومیہ 100ڈالر ڈیلی الاؤنس کی مد میں ملنے تھے، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنے ذمہ 40 ڈالرز کی ادائیگی بروقت کردی تاہم قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی فیڈریشن کی جانب سے 60 ڈالرز کی ادائیگی کے تاحال منتظر ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو جکارتہ ایشیا کپ کے ڈیلی الاؤنس بھی اب تک نہیں دیے۔اس کے علاوہ ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو لاہور میں لگنے والے کیمپ کے ڈیلی الاؤنسز کی ادائیگی بھی نہیں کی ہے۔