ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک)بھکر کی تحصیل دریا خان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں حبس اور گرمی سے 30 سے زائد کارکن نڈھال ہو گئے جبکہ خاتون سمیت 5 کارکن بے ہوش بھی ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھکر میں پی ٹی آئی کے جلسے میں شدید بے نظمی رہی۔
کارکن میڈیا کے لیے رکھے کنٹینر پر چڑھ گئے، ایک ٹرک پر چڑھنے والے کارکن پولیس اہلکاروں سے گتھم گتھا بھی ہو گئے اور بعض شرکاء خواتین کے پنڈال میں بھی گھس آئے۔جب عمران خان خطاب کے لیے آئے تو اسٹیج کے سامنے دھکم پیل کے دوران چار کارکن گرمی اور حبس سے بے ہوش ہو گئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد دی، خواتین کے پنڈال میں بھی ایک خاتون بے ہوش ہو گئی جسے ہوش میں لانے کی کوشش کامیاب نہ ہوئی تو ریسکیو اہلکار رش میں سے متاثرہ خاتون کو ہاتھ میں اٹھا کر لے گئے۔اس دوران عمران خان کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور انھوں نے بے ہوش افراد کا نوٹس لیے بغیر اپنا خطاب جاری رکھا۔ریسکیو ترجمان کے مطابق جلسے میں33 متاثرہ کارکنوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ دو کارکنوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ شب چوک اعظم میں خطاب کیا تھا۔