برطانیہ جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کو برطانوی ہائی کمشنر نے خوشخبری سنا دی
اسلام آباد (آن لائن)برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ موسمِ گرما میں برطانیہ جانے کے خواہش مند پاکستانی
فوری طور پر ویزا درخواستیں جمع کرا دیں۔برطانوی ہائی کمشنرٹویٹر پر جاری ویڈیو بیان میں ویزا میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ
کورونا وائرس اور روس یوکرین جنگ کے باعث ویزا کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات معمول پر آ رہے ہیں،
2 سال کی سخت پابندیوں کے بعد اب دنیا بھر سے ویزا درخواستیں بڑی تعداد میں موصول ہو رہی ہیں۔کرسچن ٹرنر نے کہا کہ
یوکرین کی صورتِ حال کے بعد وہاں کے شہریوں کو زیادہ تعداد میں ویزے دیے جا رہے ہیں جس کے باعث دیگر تمام ممالک پر دباؤ بڑھ رہا ہے
اسی سبب ویزے کا حصول تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال موسمِ گرما کی چھٹیوں میں تقریباً 5 لاکھ پاکستانی برطانیہ جاتے ہیں،
آئندہ سال موسمِ گرما میں برطانیہ جانے کے خواہش مند افراد فوری طور پر ویزا درخواستیں جمع کرائیں۔اس مقصد کے لیے اضافی اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔