اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے غریب عوام کو اٰٹا، چینی، گھی اور چاول پر سبسڈی دینے کیلئے بڑا ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز ریلیف پیکج ایک سال کیلئے 68 ارب روپے سے زائد کا ہوگا، شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت صنعت وپیداوار نے سمری تیار کرلی ہے جس کے مطابق وزیراعظم پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء سبسڈی مزید ایک سال کیلئے جاری رہے گی۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ مالی سال 2022-23 میں 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی کیلئے 68 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے تجویز دی گئی ہے، آٹا، چینی، گھی، دالوں اور چاول پر سبسڈی دی جائے گی، وزیراعظم پیکج کی سمری کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ سے لی جائے گی۔