لاہور (این این آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ سود کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے والے بینکوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں مہم چلائی جائے گی۔ سودی کاروبار
کرنے والے اللہ اور اس کے رسول کے خلاف اعلان جنگ کررہے ہیں۔ سود کے خلاف حکومت شریعت کورٹ کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کا روڈ میپ دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ا نہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لوگ غیر سودی بینکوں میں اپنی رقوم جمع کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ سود ایک لعنت ہے۔ جب تک ملک میں یہ فرسودہ نظام رائج ہے۔ معیشت میں اللہ کی برکت شامل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تو اعلان کیا تھا کہ جون کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دو گھنٹے تک آجائے گا مگر یہاں تو معاملہ الٹ ہوگیا ہے۔ ملک کے اندر بجلی کا شارٹ فال 9ہزار میگا واٹ سے بھی تجاوز کر چکا ہے جس سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے اکثر اضلاع میں بجلی کی ترسیل کا نظام ناکارہ ہوچکا ہے۔ لائن لاسز بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر پچاس روپے فی لیٹر لیوی کی منظور ی سے عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔ ملک کی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں دیکھی۔ ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے۔ صبح اشیا کی قیمت کچھ ہوتی ہے جبکہ شام کو دوسری قیمت ہوتی ہے۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ لوگ اپنے گھروں کا سامان تک فروخت کرنے پر آچکے ہیں۔ فاقہ کشی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ لاہور شہر میں چکی کا آٹا بھی 2روپے فی کلو اضافے سے 100روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ لوگ دو وقت کی روٹی کھانے کے لیے بھی ترس گئے ہیں۔ روح کا جسم سے تعلق برقرار رکھنا بھی مشکل ترین بنادیا گیاہے۔