مکہ مکرمہ، جدہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی) سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذوالحجہ 30جون بروز جمعرات کو ہوگی۔روزنامہ جنگ میں عاطف خان کی شائع خبر کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفات 8 جولائی بروز جمعہ کو اور عید الاضحیٰ
نوجولائی بروز ہفتہ کو ہوگی۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری عالمگیر خان نے جدہ ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور پاکستان حج مشن کی جانب سے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔مشن کی طرف سے سینئر جوائنٹ سیکرٹری کو پاکستان سے حج فلائٹ آپریشن اور سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے حج مشن کی طرف سے ہوائی اڈے پر تعینات عملے اور معاونین کو ہدایت کی کہ عازمین حج کی جدہ ایئرپورٹ پر آمد کے بعد ان کی بروقت مکہ روانگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے عازمین حج کو بلا تاخیر ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ہوائی اڈے پر پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی مرکزی تنظیم ہوپ کی طرف سے قائم کردہ کائونٹر کا بھی معائنہ کیا اور ان کے ذمہ داران سے بات چیت کی ۔ عالمگیر خان نے پاکستان سے آنے والے بعض عازمین حج سے بھی ملاقات کی اور ایئرپورٹ پر وزارت کی جانب سے تعینات حج سیزنل اسٹاف اور معاونین کی خدمات کے بارے میں بھی استفسار کیا۔