فیصل آباد،گوجرانوالہ( آن لائن، این این آئی ) فیصل آباد میں شوہر نے بیٹا پیدا نہ ہونے پر دوسری اہلیہ اور بچوں کو قینچی کے وار کرکے زخمی کردیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ملزم کے وار سے خاتون اور 4 بچے زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر زخمیوں کو قریبی اسپتال
منتقل کیا گیا جہاں ایک بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب گوجرانوالہ میں سفاک بیٹے نے نئے کپڑوں کی خاطر والدہ کو قتل کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق گوجرانوالہ میں ایک غریب خاندان کے نوجوان نے والدہ سے بارہا نئے کپڑے دلوانے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن ابتر معاشی حالات کی وجہ سے والدہ انکار کرتی رہی۔وقوعہ کے روز علی حیدر نامی بیٹے نے ماں سے ایک بار پھر نئے کپڑے خریدنے کا تقاضا کیا تو والدہ نے مہنگائی کی دہائی دیتے ہوئے کہا کہ اتنی سکت نہیں کہ نئے کپڑے لے کردوںجس پر بیٹا طیش میں آگیا اور ڈنڈوں کے پہ در پہ وار کرنے کے والدہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا جب کہ والدہ کو بچانے کیلئے آنیوالی بیٹی پر بھی بے رحمانہ تشدد کیا اور اسے زخمی کر دیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیٹے کو گرفتار کر لیا جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ نئے کپڑوں کی خاطر طیش میں آکر والدہ کو قتل کیا۔